راجن پور میں کھیلوں کے میدان کی ابتر حالت
- ILyas Gabol
- Jan 12, 2020
- 1 min read

SAMAA | Ilyas Gabol - Posted: Dec 4, 2019 |
راجن پور میں اسپورٹس فنڈز کی کمی کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ گزشتہ تین سال سے کوئی ایونٹ نہ ہونے سے نوجوان نسل میں منفی رجحانات پروان بڑھنے لگے ہیں۔
ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کہتے ہیں کہ سابقہ ادوار میں ایونٹ کم ہوئے لیکن اسپورٹس کے حوالے سے ایونٹ پلان ترتیب دے دیا ہے، جلد اسکولوں اور کالجز سمیت کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
دوسری جانب انکشاف ہوا کہ اسپورٹس آفس کی بلڈنگ بھی نہیں ہے جبکہ ملازمیں گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔
اسکولوں اور کالجز میں اسپورٹس کے ایونٹ نہ ہونے پر جہاں طلباء شکوہ کرتے ہیں وہیں پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شکیل پتافی کے مطابق گزشتہ 7 سال سے کھیلوں کے ایونٹ باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں۔
نوجوان کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سال سے اسپورٹس کے ایونٹس معطل ہیں جبکہ نئے گراونڈز مہیا کرنے کی بجائے پرانے گراونڈز بھی ویران ہوگئے ہیں۔
تقریبا ساڑھے 8 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے تیار کیا جانے والا جمنیزیم بھی کھیلوں کی سرگرمیاں نہ ہونے کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ موٹریں اور بورڈ تک چوری ہوچکے ہیں جبکہ عمارت میں جگہ جگہ دراڑیں پڑنے لگی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر رانا محمد افضل ناصر کے مطابق جمنیزیم کی مرمت اور اوور ہالنگ کےلیے خط لکھ دیا ہے جیسے ہی فنڈز ملے گا جمنیزیم کو دوبارہ اصلی حالت میں لایا جائے گا۔
کھیلوں کے فقدان سے میدان غیر آباد اور اسپتال آباد نظر آتے ہیں۔ صحتمند معاشرے کےلیے کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
Comments